لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی حالات بہت مشکل ہیں، یوں لگتا ہے کہ قوم سے کسی کو بھی پیار نہیں، نواز شریف نے ملک کھوکھلا کر دیا، جو پاکستان کا دشمن، وہ ہمارا بھی دشمن ہے۔
لاہور میں کارکنوں سے خطاب میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اس وقت سیاسی حالات بہت مشکل ہیں، یوں لگتا ہے کہ قوم سے کسی کو بھی پیار نہیں، ہر کسی کا اپنا ایجنڈا ہے۔ یہاں کسی کو ملک کا احساس ہی نہیں، کوئی بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کا یار بننا، کوئی اسے کھانا کھلانا اور بھارت میں انڈسٹری لگانا چاہتا ہے۔ جو پاکستان کا دشمن وہ ہمارا بھی دشمن ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کھوکھلا کر دیا، وہ خود کھلونا توڑ کر دوسروں پر الزام لگاتے ہیں۔ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اداروں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں جبکہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اس وقت کہاں کھڑے ہیں کچھ پتہ نہیں، ان کے پاس کوئی منشور ہی نہیں ہے۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی ہی کوئی نہیں، ہماری خارجہ پالیسی کی وجہ سے ملکی حالات بہتر تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پبلک لمیٹڈ کمپنی نہیں، ہم پاکستان کوایک قوم بنائیں گے۔ وہ وقت دور نہیں جب دوبارہ پاکستان کو عزت کا مقام دلوائیں گے۔
اقتدار میں آ کر کاشت کار کو 500 روپے میں یوریا فراہم کریں گے اور شہروں میں بھی غریبوں کو راشن کارڈ جاری کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم نے کشمیر کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ کشمیری اپنے بچوں کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں۔