'شکیل آفریدی کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے'

01:06 PM, 3 May, 2018

اسلام آباد: دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ شکیل آفریدی کے معاملے پر کوئی ڈیل نہیں ہو رہی اور یہ معاملہ وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے۔

مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستان نے کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ او آئی سی رابطہ گروپ میں اٹھایا جب کہ سیکریٹری خارجہ نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل مذاکرات ہیں۔

مزید پڑھیں: توہین عدالت کیس، فیصل رضا عابدی کی بینچ تبدیل کرنیکی استدعا منظور

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزارت خارجہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے۔ افغان مہاجرین پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی دہشت گردوں کو چھپنے کا موقع دیتی ہے۔ افغان مہاجرین کی واپسی صرف پاکستان کی نہیں عالمی برادری کہ مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو تمام بنیادی حقوق دینے کے لیے کام ہو رہا ہے اور توقع ہے اصلاحات کا عمل موجودہ حکومت کے دورمیں ہی مکمل ہو جائے گا۔

یاد رہے ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں 33 سال قید کی سزا پانے والے شکیل آفریدی کو گزشتہ دنوں سیکیورٹی خدشات پر پشاور جیل سے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سیاست گندی نہیں، گندے لوگ سیاست کو گندا کرتے ہیں، خورشید شاہ

روسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ سی آئی اے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو پشاور جیل سے فرار کرانا چاہتی تھی لیکن بروقت اطلاع ملنے پر آئی ایس آئی نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں