پنجاب کے آئندہ بجٹ میں سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے خصوصی ریلیف دیا جائے گا، عائشہ غوث پاشا

11:02 PM, 3 May, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور: صوبائی وزیر خزانہ پنجاب ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے میں ٹیکس اسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے غیر ضروری ٹیکس لگانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کے دائر ہ کار کو وسیع کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، پنجاب میں کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے تحت بوتیک،سیلون،  بیوٹی پالرز اور ریستوران سمیت دیگر پر آسائش خدمات دینے پر بہتر آمدنی کمانے والے افراد سے ٹیکس وصول کیا جارہا ہے۔

ان خیالا ت کا اظہارصوبائی وزیر نے چیمبر آف کامرس کراچی میں اوورسیز انویسٹرز سے صوبائی بجٹ2017-18 کی تیاری اور وسائل میں اضافے سے متعلق مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر اوورسیز انویسٹرز کے صدر عبد العلیم، قومی و ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مالکان،سی ای اوز کے علاوہ چیمبر کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے اجلاس کو بتایا کہ  پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق صوبوں اور وفاق کے مابین تنازعات کے حل کے للیےجامع پالیسی وضع کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ڈبل ٹیکسیشن جیسے مسائل سے نجات دلائی جا سکے ۔

 معیشت کو مستحکم کرنے اور عام لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے ٹیکس کی شرح میں اضافے کے بجائے ٹیکس دہندگان کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے ، حکومت پنجاب کی ٹھوس پالیسی اور ملک میں بہتر امن و امان کی بدولت ملکی اور غیر ملکی سر مایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

مزیدخبریں