اسلام آباد: عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں جاری ہے۔ سپریم کورٹ کے احاطے میں سیاسی رہنماؤں کی میڈیا سے گفتگو کرنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار برہم ہو گئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت شروع نہیں ہوتی اور فریقین پہلے ہی میڈیا پر بات کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ہم بار بار کہہ چکے کہ ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہو گا۔
واضح رہے مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف آئینی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ عمران خان نے گزشتہ اپنے وکیل کے ذریعے جواب داخل کروایا تھا جس میں سپریم کورٹ سے اپنی نااہلی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ حنیف عباسی وزیراعظم سے اپنی وفاداری ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ حنیف عباسی ایفی ڈرین کیس میں خود ملزم ہے جبکہ وزیر اعظم کی اہلیت بھی جے آئی ٹی کی ممکنہ رپورٹ سے مشروط ہے۔ عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے تین صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں