دونوں ملک اقتصادی تعاون کیلئے رابطے جاری رکھیں گے: وزیراعظم

11:55 AM, 3 May, 2017

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے دو طرفہ اعلیٰ سطح وفود کے تبادلوں پر اظہار اطمینان کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ملک اقتصادی تعاون کے لئے رابطے جاری رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے باہمی تجارت کا 5 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کے لئے اقدامات پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے 26 اپریل کو ایرانی صوبے سیستان میں 11 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر ایرانی وفد کے ارکان سے اظہار افسوس کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں پر اظہار تشکر کیا اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے وزیر اعظم کو اپنی قیادت کا پیغام پہنچایا۔

اس سے پہلے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک ایران دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر چودھری نثار نے کہا پاکستان کے ایران کے ساتھ جغرافیائی، مذہبی اور تاریخی تعلقات ہیں اور اچھے تعلقات کی راہ میں کسی چیز کو حائل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا ایران ہمارا ہمسایہ اور دوست ہی نہیں ایک برادر اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ایران مسلم ممالک کے اتحاد پر بھی یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اور ایران کو مل کر مسلم ممالک کے مسائل کا حل تلاش کرنا ہے جبکہ دونوں ممالک کو بین الاقوامی ایشوز پر اتفاق رائے سے آگے بڑھنا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں