اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے مفاد کے لیے اپنی سیاست کو قربان کیا ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 4 مارچ 2025 کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایک سال مکمل ہو جائے گا، اور کل وزیراعظم تمام حقائق کو قوم کے سامنے رکھیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار تھا، تاہم وزیراعظم کے حالیہ دوروں کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کے لیے اچھے جذبات کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے باعث پاکستان کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، اور مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آئی ہے۔