بیجنگ: چین کی مشہور فاسٹ فوڈ اور مشروبات چین "می شوئے" (Mixue) دنیا کی سب سے بڑی فاسٹ فوڈ چین بن چکی ہے، جس نے مکڈونلڈز اور اسٹاربکس جیسے عالمی برانڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، "می شوئے" کے ایشیا اور آسٹریلیا میں 45 ہزار سے زائد فرنچائز اسٹورز موجود ہیں، جو مکڈونلڈز اور کے ایف سی سے بھی زیادہ ہیں۔ اس کی کامیابی کا راز اس کے سستے اور عوامی بجٹ کے مطابق بنائے گئے مینو میں ہے۔
"می شوئے" اپنی مشہور ببل ٹی، آئس کریم، اور شوگر ڈرنکس جیسے مشروبات $1 سے بھی کم قیمت میں فراہم کرتا ہے، جو صارفین کے لیے انتہائی پُرکشش ہے۔ اس کا پیارا "اسنو کنگ" ماسکوٹ، جو Frosty the Snowman اور Michelin Man کی آمیزش لگتا ہے، بچوں اور بڑوں میں بے حد مقبول ہے۔
"می شوئے" کی بنیاد 1997 میں Zhang Hongchao نے چین کے صوبے ہینان میں رکھی تھی۔ ابتدا میں یہ ایک چھوٹا کاروبار تھا، جہاں برف کے گولے بیچے جاتے تھے، لیکن وقت کے ساتھ اس نے ایک بڑی فاسٹ فوڈ ایمپائر کی شکل اختیار کر لی۔
"می شوئے" دوسرے فاسٹ فوڈ برانڈز کے مقابلے میں کم فرنچائزنگ فیس وصول کرتا ہے اور اپنی زیادہ تر آمدنی فرنچائزز کو سپلائی بیچ کر کماتا ہے۔ اس کے اسٹورز اکثر فون مرمت کے کھوکھوں اور ڈمپلنگ شاپس کے ساتھ نظر آتے ہیں، جو اس کی لوکیشن سلیکشن کی بہترین حکمت عملی کو ظاہر کرتا ہے۔
چین میں یہ برانڈ نہ صرف مشہور ہے بلکہ اب عالمی سطح پر بھی اپنی پہچان بنا رہا ہے، اور جلد ہی مغربی مارکیٹ میں بھی اس کی توسیع متوقع ہے۔