حماس کا اسرائیلی مطالبے پر غزہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں توسیع سے انکار

حماس کا اسرائیلی مطالبے پر غزہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں توسیع سے انکار

غزہ : فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کے مطالبے پر غزہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں توسیع سے انکار کر دیا ہے۔ حماس کے سینیئر عہدے دار کے مطابق، تنظیم جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں توسیع پر راضی نہیں ہے اور اسرائیلی یرغمالیوں کو پہلے سے طے شدہ معاہدے کے مطابق مرحلہ وار رہا کیا جائے گا۔

غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کا اختتام گزشتہ ہفتے ہوا تھا، جس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں کھانے پینے سمیت ہر قسم کے سامان کی آمد روک دی۔ اسرائیل نے جنگ بندی میں عارضی توسیع کا اعلان کیا تھا جس کی تجویز امریکا نے دی تھی، تاہم بعد میں اسرائیل نے یوٹرن لیتے ہوئے امداد کو مکمل طور پر روک دیا۔

اسرائیل نے امریکی تجویز پر جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں توسیع کا اعلان کیا تھا اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم، حماس نے معاہدے سے انحراف کے نتائج کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر ڈالتے ہوئے دوسرے مرحلے کا آغاز کرنے اور مکمل جنگ بندی پر زور دیا ہے۔

جنگ بندی معاہدے کے مطابق، دوسرے مرحلے میں باقی رہ جانے والے 59 یرغمالیوں کی رہائی، اسرائیلی فوج کا غزہ سے مکمل انخلا اور جنگ کا خاتمہ شامل ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کو جنگ بندی میں توسیع کے امریکی منصوبے پر اتفاق کرنا چاہیے۔

مصنف کے بارے میں