برطانیہ کا یوکرین کی مدد کے لیے 1.6 بلین پاؤنڈ کا دفاعی پیکج جاری

برطانیہ کا یوکرین کی مدد کے لیے 1.6 بلین پاؤنڈ کا دفاعی پیکج جاری

لندن: برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے یوکرین کی مدد کے لیے 1.6 بلین پاؤنڈ کے دفاعی پیکج کا اعلان کر دیا۔ اس امداد کے تحت یوکرین کو 5000 سے زائد فضائی دفاعی میزائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ روسی جارحیت کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کر سکے۔

وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ لندن میں ایک سربراہی اجلاس کے دوران یوکرین کے لیے چار نکاتی امن منصوبہ بھی پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ "یورپ کو اس بحران میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا، تاہم امریکہ کی حمایت بھی ضروری ہے۔"

برطانوی حکومت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ یوکرین کے ساتھ کھڑی رہے گی اور اسے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ، فرانس اور دیگر یورپی ممالک یوکرین کے ساتھ مل کر جنگ کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔

دوسری جانب، یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے سینڈرنگھم اسٹیٹ میں اہم ملاقات ہوئی۔ زیلنسکی یورپی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد لنکاسٹر ہاؤس سے بادشاہ سے ملاقات کے لیے روانہ ہوئے۔ اس ملاقات میں یوکرین کی تازہ ترین صورتحال اور جنگ کے خاتمے کے ممکنہ راستوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔