نواز شریف، شہباز شریف وزیراعظم کی سکیورٹی میں  پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے

11:51 AM, 3 Mar, 2024

اسلام آباد:  قائد ایوان کے انتخاب سے قبل ہی شہباز شریف کو وزیراعظم کی سکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور نواز شریف مکمل سکیورٹی حصار میں پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اتحادی جماعتوں کے اراکین کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا ۔

خیال رہےکہ قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں نئے قائد ایوان اور ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب ہو گا جس کے لیے اراکین قومی اسمبلی کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد جاری ہے۔

وزارت عظمیٰ کیلئے مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے امیدوار شہباز شریف  اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب  کا مقابلہ آج  ہو گا۔دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں۔

اتحادی جماعتوں نے وزارت عظمیٰ کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔کاغذات نامزدگی مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار، پاکستان پیپلزپارٹی کے خورشید شاہ، مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ، استحکام پاکستان پارٹی کے عون چوہدری اور رہنما (ن) لیگ خواجہ آصف نے جمع کروائے۔
 

سنی اتحاد کونسل نے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے لیے عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔کاغذات سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کے پاس جمع کروائے گئے ہیں۔

مزیدخبریں