لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ عدم اعتماد آتی ہے تو کچھ نہ کچھ تو نکلے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کا بھی وزیراعظم کو گھبرانا نہیں ہے کا پیغام ہے؟ اس پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے قہقہہ لگا یا اور کہا عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔
ایک اور سوال کہ کیا تحریک عدم اعتماد میں سے کچھ نکلے گا؟ اس پر پرویز الہٰی کا کہنا تھاکہ ہانڈی میں سامان چلا گیا دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابالا آتا ہے۔ پہلا ابالا آ جائے پھر آپ کو بتائیں گے۔ اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے کچھ تو نکلے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگلے 48 گھنٹوں سے متعلق مولانا فضل الرحمن ہی بتا سکتے ہیں۔ عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ عمران خان نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں کمی سے بہت فائدہ ہو گا۔ بجلی کی قیمتیں بھی نیچے آئی ہیں۔