نمبر گیم کیسے پورا ہوا ؟تبدیلی سرکار کی تبدیلی کا مشن کیسے پورا ہوگا ؟جانئے اندر کی خبر 

05:09 PM, 3 Mar, 2022

لاہور:حکومت کیخلاف عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن اتحاد اس وقت سرگرم ہے ن لیگ ،پیپلزپارٹی اور جے یو آئی میں ان ہائوس تبدیلی کے بعد فوری انتخابات کیلئے بھی اتفاق ہو گیا ،نمبر گیم سے متعلق ن لیگ نے بہت بڑا دعویٰ بھی کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے اب تک کی سب سے بڑی خبر نکل کر بھی سامنے آگئی ہے جس کے مطابق تحریک عدم اعتماد کیلئے ن لیگ نے حکومت کے 38 ارکان کی حمایت بھی حاصل کرنے دعویٰ کر دیا ہے ،ن لیگ نے 38 ارکان کی فہرست بھی  نواز شریف کو بھجوا دی ہے جس کے بعد سے حکومتی صفوں میں ہلچل مچ چکی ہے ۔

ذرائع کے مطابق 38 ارکان میں سے 10 ارکان کو میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے آئندہ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ دینے کی بھی یقین دہانی کروا دی ہے۔

سینئر لیگی رہنما نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا مجموعی طور پر حکومت کے 16 ارکان قومی اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں ،مسلم لیگ ن نے ہم خیال حکومتی ارکان کو تین فیز میں تقسیم کر دیا ہے ،پہلے فیز میںایسے ارکان کو رکھا گیا ہے جو حکومتی پالیسیوں سے دلبرداشتہ ہو گئے ہیں ،دوسرے فیز میں وہ ارکان شامل ہیں جو حکومت کا ساتھ چھوڑنے کا سوچ رہے ہیں ۔

سینئر لیگی رہنما نے کہا تیسرے فیز میں وہ ارکان بھی ہیں جو دیکھ رہے ہیں کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے تب فیصلہ کرینگے ،ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے ن لیگ جلد عام انتخابات چاہتی ہے ،جس کیلئے مولانا فضل الرحمن نے بھی پیپلزپارٹی کو راضی کر لیاہے۔

تحریک عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن نے ریکو زیشن تیار کر لی ہے ،جس کے مسودے پر 80 سے زائد اپوزیشن اراکین قومی اسمبلی نے دستخط بھی کر دئیے ہیں ،قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر میں جمع کرا دی گئی ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے،،پیپلزپارٹی  نے قبل ازوقت انتخابات پر رضا مندی کا اظہار کر دیاجس کے بعد تحریک عدم اعتماد ایوان میں پیش کرنے کیلئے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔

مزیدخبریں