ایٹمی جنگ کی دھمکیوں کے بعد روس نے امریکہ اور مغربی ممالک کو کلیئر پیغام دیدیا 

04:43 PM, 3 Mar, 2022

ماسکو:روس نے امریکہ اور مغربی ممالک کو کلیئر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انہیں روس کی حفاظت کیلئے پریشان ہونے کی ضرور ت نہیں ہم جانتے ہیں کہ ہمیں اپنی سلامتی کیلئے کیا کچھ کرنا چاہیے ،اس بارے میں مغرب کیا فیصلہ کرتا ہے ہمیں اس سے کوئی مطلب نہیں ۔

روسی وزیر خارجہ سر گئی لارووف نے تازہ ترین بیان میں کہا ایٹمی جنگ سے متعلق بیان بھی روس کا نہیں بلکہ مغرب کا ماسکو کیخلاف پروپگینڈا ہے ،ایٹمی جنگ اور ورلڈ وار تھری کے الفاظ مغرب کے ہی ہیں ۔

سرگئی لاوروف نے اپنے ملک اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کے بارے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مذاکرات کی تاخیر کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں ہے، میرے خیال میں یہ  (یوکرین کی طرف) امریکہ سے ہدایات وصول کررہے ہیں ۔ مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ یوکرین کے  آزاد ہونے کے بارے میں ذرہ بھر بھی کوئی شبہ ہے،ہم یوکرین کو آزاد کروا کر ہی دم لینگے لیکن مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ روس یوکرین کی سرزمین سے ملنے والی دھمکیوں پر آنکھیں بند نہیں کر سکتا، وہ اس کی مزید اجازت نہیں دے سکتا، ان کا ملک دوسروں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے برابری پر مبنی بات چیت کے لیے تیار ہے، لاوروف نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یوکرین کے مسئلے کا کوئی حل نکال لیا جائے گا، اس حوالے سے روس کی شرائط کم سے کم توقعات پر مشتمل ہیں۔

لاوروف نے کہا کہ ممکنہ جوہری جنگ کی بیان بازی روس نے نہیں بلکہ نیٹو اور یوکرین نے کی ہے،انہوں نے کہا کہ روس اس معاملے پر مغرب کی اشتعال انگیزیوں سے خود کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپی یونین اس عمل میں روس سے آنے والی تمام معلومات کو روکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، اور روسی معلومات کے ذرائع کو بلاک کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں