سینیٹ انتخابات، 37 سیٹوں میں سے 13 تحریک انصاف کے نام ، 8 پیپلز پارٹی نے جیت لیں

09:40 PM, 3 Mar, 2021

لاہور: ملک کے ایوان بالا(سینیٹ) کی 37 سیٹوں پر ہونے والے الیکشن میں نشستیں تحریک انصاف کے نام رہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے 8 سیٹیں جیت کر سب کو حیران کر دیا۔

سینیٹ الیکشن کی 37 نشستوں کیلئے قومی اسمبلی اور تین صوبائی اسمبلیوں سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں صبح 9 سے شام 5 بجے تک پولنگ خفیہ بلیٹ کے ذریعے ہوئی۔ اسلام آباد کی 2 نشستوں، سندھ اسمبلی کی 11، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 12، 12 نشستوں پر امیدوار مدمقابل تھے۔

خیال رہے کہ سنیٹ کی 48 نشستوں پر انتخاب ہونے تھے لیکن پنجاب کی 11 نشستوں پر تمام امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہو گئے جس کی وجہ سے 37 نشستوں پر انتخاب ہوئے۔ پنجاب سے تحریک انصاف نے 5، ن لیگ 5 اور ق لیگ نے ایک نشست جیتی تھی۔

اب تک کے موصول ہونے والے غیر سرکاری نتائج کے مطابق 37 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے 13 نشستیں جیتی ہیں۔ ان میں سے خیبر پختونخوا سے 10 ، سندھ سے 2 اور اسلام آباد سے ایک نشست جیتی ہے۔ پنجاب کی 5 نشستیں بھی شامل کر لی جائیں تو پی ٹی آئی کی مجموعی نشستیں 18 ہو جاتی ہیں۔

پیپلز پارٹی نے 8 سیٹیں جیتی ہیں جن میں سے 7 سندھ سے اور ایک اسلام آباد کی نشست شامل ہے۔ ایم کیو ایم نے 2  نشستیں جیتیں اور یہ دونوں نشستیں سندھ سے حاصل کیں۔

اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام نے 3 نشستیں حاصل کیں ان میں سے 2 نشستیں بلوچستان اور ایک کے پی سے جیتیں۔ عوامی نیشنل پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کیں جن میں سے ایک بلوچستان  اور ایک کے پی سے حاصل کی۔

بلوچستان عوامی پارٹی نے 6 نشستیں جیتیں اور یہ تمام سیٹیں بلوچستان سے جیتیں۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نے سینیٹ کی 2 نشستیں جیتیں اور یہ دونوں نشستیں بلوچستان اسمبلی سے حاصل ہوئیں۔

بلوچستان اسمبلی سے ایک آزاد امیدوار عبدالقادر بھی کامیاب ہوئے ہیں جنہیں بلوچستان عوامی پارٹی اور تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔

مزیدخبریں