گیلانی کی کامیابی سے جعلی وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان

 گیلانی کی کامیابی سے جعلی وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان
کیپشن: گیلانی کی کامیابی سے جعلی وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سینیٹ انتخاب میں اپوزیشن کے امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کو کام یابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جعلی وزیراعظم کو آج ہی فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیئے ۔ سلیکٹڈ اور جعلی وزیراعظم اپنے ہی ارکان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہو گئی کہ 2018 کا مینڈیٹ جعلی تھا اور پی ڈی ایم کی تحریک کے دوران عوام پہلے ہی سلیکٹڈ وزیراعظم اور جعلی حکومت کو مسترد کر چکی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی کی تاریخی فتح نے سلیکٹڈ وزیراعظم کے مینڈیٹ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا ہے۔ اب عمران خان فوری طور پر وزارت عظمی کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔

خیال رہے کہ سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔ 

حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔ یوسف رضا گیلانی نے 169ووٹ حاصل کئے اور حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کئےجبکہ7 ووٹ مسترد ہوئے۔  یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی نشست پر تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے 174 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ ن کی امیدوار فرزانہ کوثر نے 161 ووٹ لئے اور اس انتخاب میں 5 ووٹ ضائع ہوئے۔