کراچی: پاکستان سپر لیگ 6 کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز نے زلمی کو ہرا دیا۔ ڈراپ کیچز کے باعث زلمی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 13ویں میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 188 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد عمران نے پہلی ہی گیند پر شرجیل خان کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ دیا۔ جوئے کلارک بھی 17 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور کولن انگرام صرف 3 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔
بابراعظم اور محمد نبی نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اس موقع پر بابراعظم نے محتاط انداز اپنائے رکھا تو محمد نبی نے زلمی کے بھرپور لاٹھی چارج کیا۔ محمد نبی 35 گیندوں پر 67 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
بابراعظم نے ایک اور ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 77 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے 2، محمد عمران اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور کی جانب سے ٹام کوہلر کیڈمور اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 30 کے مجموعے پر کامران اکمل 22 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے اور پھر 33 پر کیڈمور اور 34 رنز پر کپتان شعیب ملک بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ پشاور زلمی کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حیدر علی تھے جو 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
چار کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد تجربہ کار روی بپارا اور شرفین ردرفورڈ نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، ردرفوڈ 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد عماد بٹ وکٹ پر آئے اور دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 گیندوں پر 23 رنز بنا کر اپنی ٹیم کا اسکور 188 تک پہنچا دیا جب کہ روی بپارا 40 گیندوں پر 58 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور اور کراچی کی ٹیمیں اب تک 4، 4 میچز کھیل چکی ہیں جس میں زلمی نے 3 جب کہ کنگز نے 2 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔