اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ انتخابات میں حکومت کی شکست کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ الیکشن تو حکومت کو آنکھ بند کرکے ہی جیت لینا چاہیے تھا۔
یہ بات انہوں نے سینیٹ انتخابات کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے آج قومی اسمبلی میں آ کر بہت محسوس ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت پریشانی کا شکار ہے، انھیں اقتدار جانے کا دھڑکا لگ چکا ہے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ اگر آپ کے سیاسی مخالفین انتخابات سے ایک دن قبل اسے ملتوی کرانے، امیدوار کو نااہل کرانے کی کوشش کرے اس سے حکومت کی پریشانی واضح ہوتی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کامیاب ہو چکا، اگر ہمارے اراکین کو ایک بھی اضافی ووٹ ملا تو یہ بونس ہوگا۔ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔
خیال رہے کہ اس وقت کہ اس وقت سینیٹ انتخابات میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔ حکومت اور اپوزیشن اپنے اپنے امیدواروں کی جیت کے دعوے کر رہے ہیں۔ اس وقت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے دو، سندھ سے گیارہ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی بارہ، بارہ سیٹوں پر مقابلہ جاری ہے۔