عبدالحفیظ شیخ ایک کمزور امیدوار ہیں، مفتاح اسماعیل

09:35 AM, 3 Mar, 2021

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ عبدالحفیظ شیخ ایک کمزور امیدوار ہیں، ان کی جگہ ڈاکٹڑ ثانیہ نشتر اسلام آباد سے امیدوار ہوتیں تو انہیں ہرانا مشکل تھا۔

لیگی رہنما نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اپنے ہی امیدواروں کو ووٹ دینے کے حق میں نہیں ہیں۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نیا بیانیہ وہ قرضہ واپس کر رہے ہیں جھوٹا ہے۔ پی ٹی آئی نے تمام حکومتوں کے مقابلے میں زیادہ قرضہ لیا۔ سعودی عرب کو چین سے پیسے لے کر واپس کئے۔ حکومت ہر روز قرضہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 241 کی سپیڈ سے قرض لے رہی ہے لیکن ابھی تک ایک پیسہ واپس نہیں کیا۔ ہمیں 14 ہزار ارب روپے کا قرض ملا تھا۔ اس سال حکومت کا 8.6 فیصد تجارتی خسارہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کوئی بڑی سڑک نہیں بنائی، ٹرانسمیشن کا نظام بہتر نہیں کیا لیکن تجارتی خسارہ بڑھانے میں ترقی کی ہے۔ حکومت کے 2 سال کی ٹیکس کلیکشن میں کمی آئی ہے۔ ملک میں بیروزگاری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے۔ حکومت کی مجموعی ایکسپورٹ مسلم لیگ (ن) کے مقابلے میں کم ہے۔ حکومت کا کہنا ہے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے قرض کا سود دے رہے ہیں۔ ہر نئی حکومت سابق حکومت کے قرض کو واپس کرتی ہے۔

مزیدخبریں