کراچی:فاروق ستارنے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے۔پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے پاک بھارت کشیدگی میں صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا لیکن بھارتی دراندازی پر 24 گھنٹے کے اندر منہ توڑ جواب دیا۔
تفصیلات کے مطابق ، متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما فاروق ستار نے نارتھ کراچی سے تین ہٹی تک پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی، ریلی کے شرکا ء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں ترنوالہ نا سمجھے ہم لوہے کے چنے ہیں۔مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل بھی چائے والا تھا اور آئندہ بھی رہے گا لیکن ان کے پائلٹ کو چائے ہم نے پلائی جو بھی مسائل ہیں انہیں چائے کی پیالی پر حل کرتے ہیں۔