ایل او سی پر جام شہادت نوش کرنیوالے حوالدار عبدالرب فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

12:33 PM, 3 Mar, 2019

تونسہ شریف:گزشتہ روز ایل او سی پر بھارتی فوج سے فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے حوالدار عبدالرب کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روز بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر پر فائرنگ کرکے پاک فوج کے دو سپاہیوں حوالدار عبدالرب اور نائیک خرم کو شہید کردیا تھا۔وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے دونوں سپاہی ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں.

حوالدار عبدالرب شہید کا جسد خاکی تونسہ میں ان کے آبائی علاقے بستی نتکانی پہنچایا گیا تو علاقہ مکینوں نے ایمبولینس پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

شہید کی نماز جنازہ میں لواحقین ، عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد کے علاوہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے بھی شرکت کی، بعد ازاں شہید کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

مزیدخبریں