بھارت جب بھی کشمیر کو نظر انداز کرے گا اسے نقصان اٹھانا پڑے گا، سابق سربراہ آئی ایس آئی

11:27 AM, 3 Mar, 2019

اسلام آباد: آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفیٹنٹ جنرل (ر) احسان الحق نے کہا ہے کہ بھارت اسرائیل سے نہ صرف ہتھیار خریدتا ہے بلکہ اس نے اب اسرائیل کی سوچ بھی اپنائی ہے بھارت جب بھی کشمیر کو نظر انداز کرے گا اسے نقصان اٹھانا پڑے گا ہمیں بھارت کی جانب سے سر پرائز ایکشن کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہئے.

نجی ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے لیفٹینٹ جنرل(ر) احسان الحق نے کہا کہ موجودہ صورتحال خلاف توقع نہیں ہے اس صورتحال پر بین الاقوامی ماہرین اور میڈیا نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ بھارت 2019 کے انتخابات میں پاکستان سے کشیدہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرے گا تا کہ اپنے سیاسی ایجنڈے کو حاصل کیاجاسکے پلوامہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور ان کی لیڈر شپ نے پاکستان کو دھمکیاں دینا شروع کر دیں اور پاکستان کو بد نام کرنے کی کوشش کی انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے تو اسرائیل سے جنگی ساز وسامان خریدتا تھا اب اس نے اسرائیل کی سوچ بھی اپنانی شروع کر دی ہے.

بھارتی سابق آرمی چیف نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے بھارت اور کشمیر میں بنیادی مسئلہ کشمیر کا ہے بھارت میں مودی حکومت آنے کے بعد کشمیریوں میں غم و غصہ بڑھا ہے بھارت جب بھی کشمیر کو نظر انداز کرے گا تو اسے نقصان ہو گا کشمیری بھارت سے مکمل طور پر مایوس ہو چکے ہیں ہم کشمیریوں کی اخلاقی مدد تو کرتے ہیں لیکن عسکری مدد نہیں کرتے آج بھی ہماری یہی پالیسی ہے.

جنرل احسان الحق نے کہا کہ جنرل(ر) مشرف پر حملے میں مسعود اظہر اور جیش محمد کے لوگ ملوث تھے یہ لوگ حملے کے بعد زیر زمین چلے گئے جس کی وجہ سے مسعود اظہر گرفتار نہ ہو سکے تا ہم وہ بعد میں گرفتار ہو گیا تھا آج بھارت میں بھی لوگ سمجھتے ہیں کہ مسائل کا حل بات چیت میں ہے ہمیں بھارت کی جانب سے سر پرائز ایکشن کے لئے ہر وقت تیار رہنا چاہئے۔

مزیدخبریں