فاٹا: وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے شمالی وزیر ستان میں کرم تنگی ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ کرم تنگی ڈیم کا منصوبہ 23 ارب روپے میں بنے گا،116 ارب روپے کے فنڈ سے اس ڈیم کی زمین کیلئے خریداری کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ فاٹا کے سیاسی نظام میں تیزی آر ہی ہے۔ امید ہے 2017میں بھاشا ڈیم کی تعمیر پر بھی کام شروع ہو جائے گا اور 2018 میں لوڈ شیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غربت اور جہالت پاکستان کا مقدر نہیں، ایک شاندار مستقبل ہمارا انتظار کر رہا ہے، دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، گزشتہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اندھیرا کیا گیا یہ بہت بڑی مجرمانہ غفلت ہے، 10 سال سے نیلم جہلم کا منصوبہ تاخیر کا شکار ہے۔ جس ملک میں 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی وہ کیسے ترقی کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ این ایف سی ایوراڈ میں فاٹا کا حصہ مخصوص کیا جائے گا،فاٹا کے لئے اصلاحا ت کے پروگرام کا آغاز کردیاہے، فاٹا میں یونیورسٹی اور تعلیمی ادارے بنیں گے،ایف سی آر کا خاتمہ کیا جارہا ہے،فاٹا کو قومی دھارے میں شامل کرنے کا کام شروع کیا جارہا ہے،فاٹا میں جمہوری اقدار کو فروغ دیا گیا۔