سعودی عرب میں طائف کالج آف میڈیسن کی پہلی خاتون ڈین تعینات

سعودی عرب میں طائف کالج آف میڈیسن کی پہلی خاتون ڈین تعینات

جدہ:میڈیسن میں کیریئر ایجوکیٹر ڈاکٹر دالال موہیال دین نمناقانی طائف یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کی پہلی خاتون ڈین تعینات ہو گئیں۔

عرب نیوز کے مطابق وزیر تعلیم احمد العیسی نے ڈاکٹر دالال موہیال دین نمناقانی کی طائف یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کے ڈین کے طور پر تقرری اس ہفتے کی جبکہ گزشتہ تقرریاں صرف مردوں تک محدود کی گئی تھیں ۔

اس سے قبل کسی خاتون کی کالج اور یونیورسٹی میں ڈین کی سیٹ پر تعیناتی نہیں کی گئی ۔نمناقانی کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین بادشاہ سلمان کی قیادت میں حکومت شوریٰ کونسل ،تعلمی اداروں، پرائیویٹ اور دیگر شعبوں میں خواتین کو قوم کی خدمت میں اہم شراکت دار سمجھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سعودی یونیورسٹیوں کے تنظیمی ڈھانچے کے باعث انہیں یہاں تک پہنچنے کی امید نہیں تھی لیکن انہوں نے یہاں تک پہنچ کر سعودی خواتین کی صلاحیتوں کو ثابت کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی تعیناتی سے دیگر یونیورسٹیوں اور تعلیمی میدان میں دوسری خواتین کے لئے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔

نمناقانی نے 1991 ءمیں کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی سے میڈیسن اور سرجری(ایم بی سی ایچ بی) میں بیچلر ڈگری حاصل کی ،اس کے علاوہ انہوں نے سائنس میں 7 فیلو شپ بھی کیں ۔وہ متعدد سائنسی تنظیموں اور سوسائیٹیز کی رکن بھی ہیں ۔نمناقانی نے اپنے کیریئر کا آغاز 1991ءمیں جدہ میں کنگ عبدالعزیز کالج یونیورسٹی آف میڈیسن میں ڈاکٹرکے طور پرکیا ۔

انہوں نے کالج کے ساتھ ساتھ تائف یونیورسٹی ،کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی سپیشلسٹ ہسپتال تائف او الہدا ملٹری ہسپتال میں بھی متعدد پوزیشنیں حاصل کیں۔