نئی دہلی : بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات پر ریکارڈ1.35لاکھ کروڑ بھارتی روپے یعنی 45 کھرب 38 ارب پاکستانی روپے سے زائد خرچ ہوئے، اس طرح بھارتی عام انتخابات دنیا کے مہنگے ترین الیکشن بن گئے ہیں جس کی لاگت امریکا میں 2020 کے انتخابات پر آنے والی 1.2 لاکھ کروڑ بھارتی یعنی 40 کھرب پاکستانی روپے سے بھی زیادہ ہوگئی ہے۔
بھارت میں ایک ووٹ پر 1400 بھارتی روپے یعنی 4 ہزار 672 پاکستانی روپے خرچ ہوئے، یہ اعدادوشمار سینٹر آف میڈیا اسٹڈیز نے جاری کئے ہیں ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکمران جماعت بی جے پی ہو یا اپوزیشن کی کانگریس اور سماج وادی پارٹی، ان تینوں نے انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کیلئے پیسہ بہانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
اندازوں کے مطابق اس الیکشن میں ایک لاکھ کروڑ بھارتی روپے یعنی 33 کھرب پاکستانی روپے خرچ ہوئے جبکہ گزشتہ عام انتخابات 2019 پر 60 ہزار کروڑ بھارتی یعنی 20کھرب پاکستانی روپے خرچ ہوئے تھے۔
بھارتی الیکشن کمیشن نے ہر امیدوار کیلئے انتخابات پر 95 لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرنے کی حد مقرر کی تھی جبکہ صوبائی رکن اسمبلی کے امیدوار کیلئے 28 لاکھ سے لیکر 40 لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرنے کی اجازت دی تھی۔
ہما چل پردیش جیسی چھوٹی ریاستوں میں قومی اسمبلی کے رکن کے امیدوار کیلئے 75 لاکھ اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار کیلئے 28لاکھ خرچ کرنے کی حد مقرر کی گئی تھی۔