ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : ویسٹ انڈیز کا فتح سے آغاز

08:51 AM, 3 Jun, 2024

نیوویب ڈیسک

پرویڈینس : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں گروپ سی کے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔ 

گیانا کے شہر پرویڈینس میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاپوا نیو گنی نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ 

ویسٹ انڈیز کی جانب سے راسٹن چیز نے 42 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ برینڈن کنگ 34 اور نکولس پوران 27 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کپتان روومین پاول نے 15 رنز بنائے جبکہ آندے رسل 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس میچ میں پاپوا نیو گنی کے بولرز نے غیر معمولی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور ایک موقع پر ویسٹ انڈیز کے لیے آسان ہدف بھی مشکل بنادیا تھا۔ پاپوا نیو گنی کی جانب سے کپتان اسد والا نے دو وکٹیں لیں جبکہ جان کاریکو، چیڈ سوپر اور علی ناؤ نے ایک ایک وکٹ لی۔  

واضح رہے کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاپوا نیو گنی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے تھے۔ پی این جی کی طرف سے سیسی باؤ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ 

وکٹ کیپر بیٹر کپلن ڈوریگا 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور کپتان اسدوالا نے 21 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انکے علاوہ کوئی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ 

ویسٹ انڈیز کی طرف سے آندرے رسل اور الزاری جوزف نے دو دو جبکہ اکیل حسین، روماریو شیفرڈ اور گوداکیش موتی نے ایک ایک وکٹ لی۔
 

مزیدخبریں