لاہور: عرفان قادر نے کہا کہ انصاف کے عہدوں پرفائز لوگ مخصوص جماعت کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ قانون سازی صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے عدلیہ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفان قادر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں ،عدلیہ کو کمزور نہیں کرنا چاہتے لیکن انصاف کے عہدوں پرفائز لوگ مخصوص جماعت کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ قانون سازی کا عدلیہ سے کوئی تعلق نہیں، قانون سازی پر صرف پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔
عرفان قادر نے کہا قانون بنانے سے قبل پارلیمان کو مشورہ کرنے کا کہا جاتا ہے۔ اسی طرح کل کو تو حکومت، پارلیمنٹ بھی عدلیہ کو کہہ سکتی ہے کہ آپ فیصلہ دینے سے پہلے ہم سے مشورہ کر لیں۔
ان کا کہنا تھا کی ریاست سب سے اوپر آتی ہے اس کے بعد دیگر ادارے ہیں۔ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔
عرفان قادر نے مزید کہا کہ ہم سب کی پہلی ذمہ داری ریاست کے ساتھ وفا دار رہنا ہے لیکن ایک سیاسی دھڑا ریاست کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔
معاون خصوصی عرفان قادر کہتے ہیں اگست میں قومی اسمبلی کی مدت پوری ہو رہی ہے۔ پورے ملک میں عام انتخابات ایک ہی وقت پر ہوں گے.