لاہور: مشہور مسلم امریکی ہیوی ویٹ باکسر محمد علی کو دنیا فانی سے گزرے سات برس ہو گئے لیکن وہ اج بھی ہزاروں مداحوں کے دل میں زندہ ہیں۔
محمد علی نے تین مرتبہ باکسنگ کی دنیا کا سب سے بڑا اعزاز ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن شپ جیتا اور اولمپک میں سونے کا تمغہ اور شمالی امریکی باکسنگ کی چیمپئن شپ بھی جیتی۔ محمد علی نے اپنی زندگی میں کل اکسٹھ مقابلے کھیلے، جن میں سے 56 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 37 مقابلوں میں حریف کھلاڑیوں کو ناک آؤٹ کردیا۔
عظیم باکسر محمد علی کو 1984 میں پارکنسن کی بیماری کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہوں نے باکسنگ چھوڑنے کا اعلان کیا اور 2016 میں اپنی بیماری سے لڑتے ہوئے انتقال کرگئے۔
محمد علی امریکی شہر لوئیس و یل میں مسیحی خاندان میں پیدا ہوئے لیکن 1964 میں انہوں نے اسلام قبول کیا تھا۔جس کے بعد انہوں نے اپنا نام کیسیئس مارسیلس کلے جونیئر سے محمد علی رکھ لیا تھا ۔ 1972 میں حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب بھی گئے تھے۔
محمد علی 14 جنوری 1942 میں امریکی سٹیٹ کینٹکی میں پیدہ ہوئے اور انہوں نے 3 جون 2016 کو امریکی سٹیٹ اریزونہ میں وفات پائی۔
محمد علی نہ صرف امریکہ میں بلکہ پورے دنیا میں خاص طور پر مسلمانوں اور افریقی ممالک میں مشہور تھے۔ نسل پرستی کے خلاف اور اسلام کے لیے بولنے اور آواز اٹھانے کی وجہ سے ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔