اسلام آباد: اوگرا نے آئندہ مالی سال کے لیے سوئی سدرن اور سوئی نادرن کے لیے نرخ میں اضافے کی منظوری دی ہے۔ سوئی نادرن کےلیے گیس کی قیمت میں اوسطاً 50 فیصد اور سوئی سدرن کےلیے گیس کی قیمت میں اوسطاً 45 فیصد اضافے کی منظوری دی۔
تفصیلات کے مطابق سوئی نادرن کےلیےگیس کی اوسط قیمت میں 415 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت میں 417 روپے 23 پیسےفی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کی منظوری دی گئی۔
سوئی نادرن پر اوسط قیمت 1238روپے 68پیسے ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن پر گیس کی اوسط قیمت 1350روپے ایم ایم بی ٹو مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2023 سے ہوگا جبکہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا تو 45 دن بعد فیصلہ ازخود لاگو ہو جائے گا، قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کی صورت میں وفاقی حکومت کو سبسڈی دینا ہوگی۔
دوسری جانب گیس کی قیمت میں اضافے پر عوام نے شدید غم و غصے کا اظہارکیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گیس پہلے نہیں آتی اور حکومت ہر گزرتے دن کے ساتھ مہنگائی کیے جا رہی ہے۔