اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس میں اسٹیل ملز کو گیس فراہمی اور وزارت فوڈ سکیورٹی کی تمباکو پر ٹیکس کی شرحوں پر نظر ثانی کی سمری پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں اسٹیل ملز کو 62.08 کروڑ روپے اجراء کی منظوری دے دی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزراء، وزرائے مملکت، وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی اسٹیل ملز کو گیس کی فراہمی کے لئے ایس ایس جی سی کو فنڈز جاری کرنے کی سمری پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسٹیل ملز میں پیداواری سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے ادارے کو کم شعلہ گیس فراہم کی جا رہی ہے۔اسکا مقصد کوک اوون کی بیٹریوں اور ریفریکٹریز کے بھٹوں کو محفوظ رکھنا ہے۔ای سی سی نے بحث کے بعد 62.08 کروڑ روپے کے اجرا کی اجازت دیدی۔
ای سی سی اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ رقم 8 ماہ کے بقایا گیس بلوں کی ادائیگی کے لئے خرچ ہوگی۔اجلاس میں وزارت فوڈ سکیورٹی کی تمباکو پر ٹیکس کی شرحوں پر نظر ثانی کی سمری پر بھی غور کیا گیا۔تمباکو کی تمام اقسام پر موجودہ ٹیکسوں کی شرحوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔