ملک کے مفاد کو دیکھتے ہوئے پٹرول کی قیمت بڑھائی ، سیاست کو بچانا آسان فیصلہ تھا:مریم اورنگزیب

09:28 PM, 3 Jun, 2022

اسلام آباد:وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  ملک کے مفاد کو دیکھتے ہوئے پٹرول کی قیمت بڑھائی ، سیاست کو بچانا آسان فیصلہ تھا لیکن ہم نے ذمہ دارانہ سوچ کا مظاہرہ کیا۔

اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  عمران خان نے آئی ایم ایف کی شرائط پر پچھلے دروازے سے دستخط کئے،  ملک کے مفاد کو دیکھتے ہوئے پٹرول کی قیمت بڑھائی،وزیراعظم نے کہا کہ ہم پہلے ریلیف پیکیج بنائیں گے اس کے بعد پٹرول کے نرخ بڑھائیں گے،جس کی تنخواہ چالیس ہزار روپے سے کم ہے، حکومت پاکستان اسے دو ہزارروپے ماہانہ دے گی،انہوں نے کہا عوام 786 پر کال کریں، ان کی آمدن چیک کرکے ماہانہ دو ہزارروپے دیئے جائیں گے۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو عوام نے دیکھا،جب انہیں پتہ چلا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہو رہی ہے تو انہوں نے پٹرول پر غیر قانونی سبسڈی دی ۔پاکستان کی عوام اب عمران خان کے جھوٹ، منافقت اور گالیوں کی سیاست سے تنگ آ چکی ہے ۔

 وزیراطلاعات  نے بتایا کہ وزیراعظم نے آج کفایت شعاری پر تمام وزارتوں اور کابینہ سے سفارشات مانگ لی ہیں،صاف نیت اور صلاحیت رکھتے ہیں ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ  سابقہ دور میں پانچ مرتبہ وزیر خزانہ، سات مرتبہ ایف بی آر کے چیئرمین اور چھ بار سیکریٹری فنانس کو تبدیل کیاگیا ۔پنجاب نے دو لاکھ ٹن آٹا خرید کر خیبر پختونخوا کو دینے کی پیشکش کی تاکہ وہاں بھی آٹے کی قیمت کم ہو ۔

مزیدخبریں