ممبئی :گینگسٹر لارنس بشنوئی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ ان کے گینگ ممبر نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کو قتل کروایا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سدھو موسے والا کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے دہلی پولیس سے کہا کہ ہاں!میرے گینگ کے رکن نے سدھو موسے والا کو مارا۔گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کہا کہ وکی مڈوکھیرا ان کا بڑا بھائی تھا اور ان کے گینگ نے وکی کی موت کا بدلہ لیا۔
اگرچہ لارنس بشنوئی نے اعتراف کیا کہ ان کا گینگ پنجابی گلوکار کے قتل میں ملوث تھا لیکن انہوں نے خود کو اس واقعے سے الگ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا کام نہیں ہے، میں جیل میں تھا اور اپنا فون بھی استعمال نہیں کر رہا تھا۔گینگسٹر لارنس بشنوئی نے کہا کہ وہ تہاڑ جیل میں تھے اور انہیں ٹی وی پر نشر ہونیوالی خبروں سے سدھو موسے والا کے قتل کا علم ہوا۔