اسلام آباد: ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ پاکستان کی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کمانڈاینڈسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر کی جنگ میں ائیر پاور عسکری قوت کاایک موثرعنصربن چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ملک کو درپیش سیکورٹی چیلنجز کابخوبی ادراک رکھتی ہے اور اپنی آپریشنل تیاریوں کو بہت اہمیت دیتی ہے ، پاک فضائیہ اپنے آپریشنل منصوبوں کوعملی جامہ پہنانے کیلئے ہر وقت سرگرم عمل ہے۔
ائیر چیف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پاکستان کی سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیارہیں ، ہم تمام لوگ جنہوں نے یونیفارم زیب تن کیا ہے ان کا ہر وقت عملی طور پر تیار رہنا ہے کیونکہ ملک اور اس کے شہریوں کا دفاع ہمارا اولین فریضہ ہے۔