ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور ون ڈے کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بلے باز بابر اعظم نے سابق نمبر ایک بلے باز بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی سے موازنہ کرنے پر لب کشائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا آپس میں کوئی موازنہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیائے کرکٹ میں بیٹنگ کے شعبے میں ویرات کوہلی، کین ولیم سن، سٹیو اسمتھ اور جو روٹ کو صف اوّل کے بہترین بیٹسمینوں میں شمار کیا جاتا تھا اور انہیں ’فیب 4‘ (عمدہ چار کھلاڑی) قرار دیا جاتا ہے لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے گزشتہ چند سالوں میں کرکٹ کے ہر فارمیٹ میں اپنی عمدہ اور تسلسل کے ساتھ پرفارمنس سے ان کھلاڑیوں میں جگہ بنائی ہے اور اب یہ ’فیب 5‘ ہوگیا ہے۔
اسی طرح بابراعظم اور ویرات کوہلی کا بیٹنگ میں موازنہ بھی کیا جاتا ہے جس کی بڑی وجہ بابراعظم کا ہر گزرتے میچ کے ساتھ ویرات کوہلی کے بنائے ہوئے ریکارڈز بھی توڑنا ہے۔ ویرات کوہلی سے اپنا موازنہ کئے جانے پر پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ’ویرات کوہلی دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے دنیا میں ہر جگہ اور بڑے میچز میں کارکردگی دکھائی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جب لوگ ہمارا موازنہ کرتے ہیں تو اس پر میں دباؤ محسوس نہیں کرتا، بلکہ مجھے فخر ہوتا ہے کہ وہ لوگ میرا موازنہ اتنے بڑے کھلاڑی کے ساتھ کر رہے ہیں۔ ذاتی طور پر کہوں تو ہمارا آپس میں کوئی موازنہ نہیں ہے، لیکن لوگ یہ موازنہ کرتے ہیں اور مجھے خوشی ہوتی ہے۔‘
بابراعظم نے کہا کہ ’میرا مقصد اسی طرح کارکردگی دکھانا اور پاکستان کو میچز جتوانا ہے جس طرح ویرات کوہلی کارکردگی دکھا کر اپنی ٹیم کو میچز جتواتے ہیں، تاکہ پاکستان مجھ پر فخر کرے، ہم دونوں علیحدہ علیحدہ کھلاڑی ہیں، میرا اپنا کھیلنے کا انداز ہے اور ویرات کا اپنا کھیلنے کا انداز ہے، لہٰذا میں اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ کارکردگی دکھانے کی کوشش کرتا ہوں۔‘