اسلام آباد: ادارہ شماریات نے ایک سال میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات جاری کر دیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں چینی اوسط 16روپے51 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ جون 2020 میں چینی کی اوسط قیمت 80 روپے 92 پیسے فی کلو تھی جو اب بڑھ کر اب97 روپے 43 پیسے فی کلو ہوچکی۔
آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 118 روپے 55 پیسے مہنگا ہوا۔ جون 2020 میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 1010 روپے 14 پیسے کا تھا جس کی قیمت اب بڑھ کر 1128 روپے 69 پیسے ہو چکی۔ گھی کا ڈھائی کلو کا ڈبہ 129 روپے 36 پیسے، تازہ دودھ 10 روپے 79پیسے فی لیٹر، دہی 14روپے 45 پیسے فی کلو، انڈے30 روپے61 پیسے درجن، کیلے39روپے 64 پیسے درجن مہنگے ہوئے۔
اسی عرصے میں بکرے کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 104روپے46پیسے، گائے کا گوشت 59 روپے 50 پیسے، زندہ مرغی برائلر 91 روپے 54 پیسے، گڑ 5روپے 95پیسے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں چاول7روپے64 پیسے فی کلو، دال ماش 11 روپے 70 پیسے، دال چنا 8 روپے13 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جب کہ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 36روپے 12پیسے کا اضافہ ہوا۔
حالیہ ایک سال میں ٹماٹر 6 روپے35 پیسے فی کلو، آلو10روپے80 پیسے، پیاز 6 روپے 28 پیسے، دال مسور4 روپے 28 پیسے، دال مونگ50 روپے 46 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ جون 2020 میں مہنگائی کی شرح 8.59 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 10.87 فیصد ہوچکی ہے۔