اسلام آباد: وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ فائزر ویکسین کی محدود تعداد ہے، عازمین حج اور بیرون ملک جانے والے ورک ویزا ہولڈرز کو لگے گی۔ ویکسی نیشن کے بغیر بندشیں ختم کرنا ممکن نہیں، سینٹرز کی تعداد 4 ہزار تک لے جانے کا ہدف ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا کہ پسندیدہ ویکسین لگوانے کا کہنے والےممالک کو فیصلوں پر غور کرنا چاہیے، چین اس وقت سب سے زیادہ کورونا ویکسین برآمد کر رہا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے کاروبار متاثر ہوا، حکومت بندشیں ختم کرنا چاہتی ہے، ویکسی نیشن میں مزید تیزی لانا ہوگی۔ اسلام آباد کے شہری کورنا ویکسین لینے میں سب سے آگے ہیں،۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا ویکسی نیشن کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں ویکسی نیشن سینٹرز کی تعداد 1700 تک پہنچ چکی ہے جسے 4 ہزار تک لے جانا چاہتے ہیں۔ لوگوں کو ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ویکسین لگوانی چاہیئے۔