اپوزیشن ہر معاملے میں کنفیوژن کا شکار ہے: فواد چودھری

اپوزیشن ہر معاملے میں کنفیوژن کا شکار ہے: فواد چودھری
سورس: file

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ‏اپوزیشن ہر معاملے میں کنفیوژن کا شکار ہے ایک طرف کہتے ہیں، بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے  دوسری طرف بجٹ پر سیمینار منعقد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ  اگر اپوزیشن پارلیمان میں آئے اور انتخابی اصلاحات سمیت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرے تو یہ خوش آئند ہو گا۔  قابل عمل تجاویز پر ضرور غور کریں گے۔ 

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے  پری بجٹ سیمینار منعقد کیاجا رہا ہے جس سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف خطاب کریں گے ۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب  کا کہنا ہے کہ 'پری بجٹ' سیمینار آج  3 جون کواسلام آباد میں ہوگا ۔سیمینار کا عنوان "عمران خان کی حکومت میں ڈوبتی معیشت" ہے۔سیمینار مسلم لیگ ن کی تمام سماجی ویب سائٹس پہ وڈیو لنک کے ذریعے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔