کراچی:سندھ حکومت نے ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کو تنخواہ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ جو سرکاری ملازم ویکسین نہ لگوائے اس کی جولائی کی تنخواہ بند کردی جائے۔
نیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا وائرس کی صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ہے جس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے صوبے میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرون ملک سے آنے والے 26812 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 55 مثبت آئے۔29 مئی کو 4 مسافروں میں انڈین ویرینٹ کی تشخیص ہوئی جنہیں آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔یہ 4 انڈین ویرینٹ مریض 14 لوگوں سے رابطے میں آئے جن کے بھی ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
اجلاس کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یکم جون کو 12.45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11.77 فیصد مثبت کیسز تھے۔ 27 مئی سے 2 جون تک کراچی شرقی 21 فیصد نئے کیسز اور 20 اموات ہوئیں۔ کراچی وسطی میں 12 فیصد کیسز اور 15 اموات ہوئیں۔ کراچی جنوبی میں 9 فیصد، کراچی غربی میں 8 فیصد اور 7 اموات ہوئیں۔ گزشتہ 30 ایام میں سندھ میں 392 اموات ہوئی ہیں۔
سیکرٹری صحت کے مطابق 392 اموات میں سے 238 ویٹی لیٹرز پر تھے، 81 وینٹی لیٹرز پر نہیں تھے۔ انتقال کرنے والوں میں سے 73 کا انکے گھروں میں انتقال ہوا۔ اسوقت 77 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جن میں 74 کراچی میں ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ 2 جون کو 57541 کو ویکسین لگائی گئی ہیں۔ ابھی تک سندھ میں کوویڈ ویکسین کی 1550553 ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے لوگوں سے اپیل کہ وہ ویکسینیشن سینٹرز پر ویکسین لگوائیں۔