اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع

اٹھارہ سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع
کیپشن: 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن شروع
سورس: file

اسلام آباد: پاکستان میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن آج سے شروع ہوگئی ہے۔ اب تک 80 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاچکی ہے۔

این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کا اپنے ٹویٹ میں کہنا ہے کہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن آج سے شروع کر رہے ہیں ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کرائیں ۔

ادھر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی علمائے کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ مساجد میں نمازِ جمعہ کے خطبے میں کو کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے لیے خصوصی ترغیب دیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں روزانہ تین لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ اب تک 80 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے جبکہ صرف پنجاب میں 43 لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی گئی ہے۔ 

دوسری طرف ملک بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 92 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ  2 ہزار 28 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔مثبت کیسز کی شرح تقریباً 4 فیصد ہوگئی ہے۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران  2 ہزار 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 26 ہزار 695 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 لاکھ 40 ہزار 989، سندھ میں 3 لاکھ 20 ہزار 488، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 33 ہزار 450، بلوچستان میں 25 ہزار 370، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 608، اسلام آباد میں 81 ہزار 446 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 344 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 33 لاکھ 67 ہزار 920 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 51 ہزار 523 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 52 ہزار 574 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 630 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

ملک میں کورونا سے مزید  92 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 22 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 132، سندھ میں 5 ہزار 73، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 113، اسلام آباد میں 763، بلوچستان میں 258، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 548 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔