اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 92 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 28 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔مثبت کیسز کی شرح تقریباً 4 فیصد ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 28 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 26 ہزار 695 ہوگئی۔ پنجاب میں 3 لاکھ 40 ہزار 989، سندھ میں 3 لاکھ 20 ہزار 488، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 33 ہزار 450، بلوچستان میں 25 ہزار 370، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 608، اسلام آباد میں 81 ہزار 446 جبکہ آزاد کشمیر میں 19 ہزار 344 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 33 لاکھ 67 ہزار 920 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 51 ہزار 523 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 52 ہزار 574 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 630 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ملک میں کورونا سے مزید 92 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہزار 22 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 132، سندھ میں 5 ہزار 73، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 113، اسلام آباد میں 763، بلوچستان میں 258، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 548 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔