سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 3 کشمیری نوجوان شہادت کے بعد دو دنوں میں شہید ہونے والوں نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
کشمیر میڈیا سیل کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے دوران خواتین سے بدتمیزی کی گئی اور بزرگوں بچوں کو ہراساں کیا گیا جب کہ نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا۔
سرچ آپریشن کے دوران قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 نوجوان شہید ہوگئے، بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے غیر آئینی سرچ آپریشن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونے والے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کی کوشش کی تاہم اس حوالے سے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے۔
گزشتہ روز بھی اسی علاقے میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوانوں کو شہید کردیا گیا تھا اس طرح تین دنوں میں پلوامہ، پونچھ اور راجوڑی میں سرچ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں اضافہ ہوا ہے سرچ آپریشن کے نام پر بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے جب کہ کئی علاقوں میں تاحال کرفیو نافذ ہے۔