کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست پر رکن اسمبلی کا حلف اٹھا لیا۔مخصوصی نشست پر رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد شرمیلا فاروقی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ میرے لیے اچھا لیکن تلخ لمحہ ہے جبکہ کووڈ 19 میں دوستوں اور ساتھیوں کو کھونا ایک نامعلوم خوف اور آگے کی غیریقینی صورتحال۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے خود کے لیے اور اپنے 2 سال کے بچے اور تمام کے لیے کورونا کا خوف ہے، محفوظ اور اچھے وقتوں کے لیے دعا گو ہوں۔شرمیلا فاروقی نے لکھا کہ ہمیں تمام حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ہماری اور ہمارے ارد گرد موجود لوگوں کی صحت کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ شرمیلا فاروقی، پیپلز پارٹی کی رہنما شہناز بیگم کے قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہونے پر مخصوص نشست خالی ہونے پر رکن بنی ہیں۔
اس سے قبل بھی وہ پاکستان پیپلزپارٹی کی نشست پر رکن اسمبلی منتخب ہوچکی ہیں جبکہ وہ پی پی کے سندھ کے گزشتہ ادوار میں بھی وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر بھی رہ چکی ہیں۔