بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا

06:11 PM, 3 Jun, 2020

اسلام آباد: ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائیگا۔ قومی ایئر لائن کے ذریعے ساڑھے 13 ہزار جبکہ غیر ملکی ایئر لائنز سے ساڑھے 6 ہزار سے زائد پاکستانیوں کی وطن واپسی ہو گی۔

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر انٹرنیشنل فلائٹ آپریشن کے ایس او پیز میں تبدیلی کے بعد آئندہ ہفتے کیلئے نیا فلائٹ شیڈول جاری کر دیا ہے۔

اس کے تحت 10 جون تک ملکی اور غیر ملکی 79 پروازوں آپریٹ کی جائینگی۔ ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق نئے شیڈول کے تحت 79 ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے 20 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائیگا۔

پی آئی اے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کیلئے 52 پروازیں آپریٹ کریگی جس کے ذریعے ساڑھے 13 ہزار پاکستانیوں کی وطن واپس لایا جائیگا۔

غیر ملکی ایئر لائنز کی 27 پروازوں کے ذریعے 6 ہزار 750 پاکستانی وطن واپس آئینگے۔ ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز سعودی عرب سے 13، متحدہ عرب امارات سے 34 پروازیں آپریٹ کرینگی۔

سعودی عرب سے 16 پروازوں کے ذریعے ساڑھے چار ہزار اور متحدہ عرب امارات سے 34 پروازوں کے ذریعے 8 ہزار اور قطر سے 12 ملکی اور غیر ملکی پروازوں سے 3 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپس پہنچیں گے۔

نئے شیڈول کے مطابق چین اور برطانیہ سے 2، 2 پروازیں آپریٹ ہونگی جبکہ امریکا، کینیڈا، فرانس، ملائیشیا، عراق، بحرین، سپین، مسقط، تھائی لینڈ اور عمان کیلئے بھی ایک ایک پرواز پاکستانیوں کو واپس لائیگی۔

اس کے علاوہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے 3 خصوصی پروازیں بھی آپریٹ ہونگی جن کے ذریعے مجموعی طور پر 4 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ہوگی۔

مزیدخبریں