لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ڈاکٹرز کے مطابق مرحوم ایم پی اے شوکت منظور چیمہ دل کے شدید عارضے میں بھی مبتلا تھے۔ کورونا وائرس کے باعث ان کی طبعیت بگڑ چکی تھی جس کے بعد انھیں گزشتہ سات روز سے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
شوکت منظور چیمہ پی پی 51 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، انجینئر امیر مقام اور عطا تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
گزشتہ روز صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ مرحوم کئی روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔ انھیں بھی پچھلے ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد مسلسل عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ تاہم وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطیہ کر لیا تھا۔ بعد ازاں طبعیت زیادہ خراب ہونے کے باعث ان کے اہلخانہ نے انھیں نجی ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔
مرتضیٰ بلوچ کا 14 مئی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ مرحوم گڈاپ کے ٹاؤن ناظم بھی رہے۔ وہ پی ایس 88 ملیر ٹو رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔