بعض بوئنگ طیاروں میں ناقص پرزہ جات کے حوالے سے اہم خبر آگئی

بعض بوئنگ طیاروں میں ناقص پرزہ جات کے حوالے سے اہم خبر آگئی


واشنگٹن:امریکہ کے شہری ہوابازی کے ادارہ یو ایس فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے انکشاف کیا ہے کہ بعض بوئنگ طیاروں میں ناقص پرزہ جات نصب ہیں جو پائیداری کے ریگولیٹری تقاضوں کو پورا نہیں کرتے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق ایف اے اے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بوئنگ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے سرٹیفیکیٹ منیجمنٹ آفس کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ بوئنگ کے ایک ذیلی ادارہ کی جانب سے تیار کردہ 148پرزہ جات میں نقائص ہیں جوتیاری کے نا مناسب عمل کے باعث خرابی کی حالت میں رہے۔ بوئنگ نے نشاندہی کی ہے کہ بوئنگ 737 این جی اور بوئنگ737میکس طیاروں میں ان پرزہ جات کو نصب کیا گیا ہے۔

دنیا بھر میں بوئنگ 737میکس کے 179 طیارے اور بوئنگ 737 این جی سیریز کے133طیارے ان پرزہ جات سے متاثر ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر چہ ان پرزہ جات سے طیاروں کے نقصان کا کوئی خطرہ نہیں تاہم ان سے دوران پرواز طیارے میں کوئی نقصان ہوسکتا ہے۔ ایف اے اے نے کہا ہے کہ بوئنگ کو ان پرزہ جات کی تبدیلی کے لئے ہدایات جاری کی جائیں گی اور ایئر لائنز کے تمام آپریٹرز کو10 دن کے اندر ان کی تبدیلی کرنا ضروری ہوگا۔ پبلک اور فیڈرل ریگولیٹرز بوئنگ طیاروں کی سلامتی کے حوالہ سے اپنی سخت تشویش کا اظہار کررہے ہیں۔

اس سال مارچ میں ایتھوپیا کے بوئنگ 737میکس طیارے کے حادثہ کے بعد دنیا بھر میں یہ طیارے گراﺅنڈ کردیئے گئے تھے جبکہ مختلف ایئرلائنز نے بوئنگ کی دیگر سیریزکا استعمال جاری رکھا ہوا ہے۔