ممبئی: بالی ووڈ میں اپنے اسکینڈلز کے باعث شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف ایک مرتبہ پھر وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس انہوں نے ایک ٹیلی ویژ ن پروگرام کے دوران رامائن کے مصنف والمکی کا موازنہ بھارتی گلوکار ملکھا سنگھ سے کیا تھا جب کہ ادکارہ نے والمکی کے خلاف توہین آمیز الفاظ بھی استعمال کیے تھے جس پر بھارتی شہر لدھیانہ کی عوام نے اداکارہ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔معاملہ اس قدر طول پکڑ گیا کہ گزشتہ روز لدھیانہ کی ہائی کورٹ کو راکھی ساونت کے خلاف والمکی کمیونٹی کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنا پڑے۔
دوسری جانب راکھی ساونت نے اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کے جذبات مجروح کرنا نہیں تھا بلکہ وہ اپنے دوست ملکا سنگھ کے اندر آنے والی مثبت تبدیلی کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے والمکی کمیونٹی سے معافی بھی مانگی اور کہا کہ وہ بالکل بے قصور ہیں۔