واشنگٹن: ایپل کو شکست دینے کیلئے اینڈرائڈ نے نیا اسمارٹ فون متعارف کردیا۔ انڈرائیڈ سسٹم کے بانی اینڈی ربنسن نے اس اسمارٹ فون کو ’ایسنشل فون پی ایچ ون ‘ کا نام دیا ہے جس میں ان کے مطابق دنیا کا سب سے بہترین کیمرہ فون ہونے کے ساتھ کوالکوم کا اسنیپ ڈریگن 835 پروسیسر بھی نصب ہے۔
اسمارٹ فون کی باڈی روایتی المونیم کی بجائے ٹیٹانیئم پر مشتمل ہے جو اچانک گرجانے کی صورت میں ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رہتا ہے۔ اس پر علیحدہ سے ایک 360 ڈگری کیمرہ بھی نصب کیا جا سکتا ہے۔کیمرے کی ایک اور خاص بات اس کا ہلکا پھلکا ہونا ہے یعنی اس کا وزن صرف 35 گرام ہے اور اس میں ڈویئل 12 میگا پکسل فِش ا?ئی سینسر نصب ہے جو 30 فریم فی سیکنڈ کی شرح سے فورکے 360 ڈگری ویڈیو بنا سکتا ہے۔ سینسر کی وجہ سے یہ کم روشنی میں بھی تصویر اور ویڈیو بنا سکتا ہے۔دیگر اشیا میں مقناطیسی کنیکٹر، 128 جی بی کی اندرونی اسٹوریج (بلٹن میموری)، فنگر پرنٹ سینسر، یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ اور 3040 ایم اے ایچ بیٹری نصب کی گئی ہے۔ اسکرین پر گوریلا گلاس 5 لگایا گیا ہے لیکن اس کے باوجود وہ 500 این آی ٹی ایس کی روشنی فراہم کرتا ہے جب کہ اوسط ایل سی ڈی 200 سے 300 این آئی ٹی ایس روشنی خارج کرتا ہے۔
اس نئے فون پر ہیڈفون جیک کی گنجائش نہیں لیکن کمپنی کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فون پیک میں اس کا ڈونگل ضرور شامل کیا جائے گا۔ فون کی قیمت 70 ہزار روپے پاکستانی رکھی گئی ہے جو 699 ڈالر بنتی ہے۔ روبِن کا خیال ہے کہ یہ آئی فون کے لیے ایک سخت حریف ثابت ہو گا اور اسے تین رنگوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔