راولپنڈی: ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے صنعت کے چئیرمین عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ماہ صیام کے دوران بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ ملک بھر میں کاروباری و پیداواری سرگرمیاں اور زراعت بری برح متاثر ہوئی ہے۔ حکومت فوری طور پر لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے انتظامات کرے اور غیر ذمہ داری کے مرتکب حکام کو فوری سزا دی جائے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ گرمی اور لوڈ شیڈنگ لازم و ملزوم بن چکے ہیں اور عوام موسم کی سکتی برداشت کرنے کے قابل نہیں رہے ہیں۔ سحری اور افطاری کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج بڑھ رہا ہے جبکہ عوام سخت بے چین سے جس سے انتہائی منفی پیغام جا رہا ہے۔ ایسی سنگین صورتحال میں غیر ملکی سرمایہ کار تو کیا مقامی کاروباری برادری بھی پریشان ہو گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ موسم گرما میں کراچی سمیت مختلف شہروں میں دس سے بارہ گھنٹے اور دیہات میں بیس گھنٹے کی پوڈ شیڈنگ معمول بن چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے الیکٹرک سمیت متعدد کمپنیوں نے نہ اپنا انفراسٹرکچر بہتر بنایا نہ بجلی کی پیداوار اور نظام بہتر بنانے کو توجہ دی جس پر انکے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو غیر زمہ دارانہ رویہ کی ہمت نہ ہو۔ موجودہ حالات میں درجنوں پاور پلانٹ بند رکھنا عوام کو ناکردہ گناہ کی سزا دینے کے مترادف ہے۔