اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پاکستانیوں پر 90 دن کے ویزے پر پابندی کی خبریں جھوٹی ہیں۔
یو اے ای سفارتخانے کی طرف سے گزشتہ روز پاکستانی دفتر خارجہ کو پیغام میں کہا گیا کہ پاکستانیوں پر نوے دن کے ویزے پر پابندی کے حوالے سے خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
سفارتخانے کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں پر کسی قسم کے ویزے کی کیٹیگری پر پابندی نہیں لگائی گئی۔ یہ خبر یں پاکستان سے ہی پھیلائی جا رہی ہیں ان کی تحقیقات کی جائیں اور جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔
یاد رہے گزشتہ روز میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی اور فلپائنی باشندوں پر 3 ماہ کے ویزٹ ویزے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ جس کا اطلاق یکم جون سے کیا جائے گا تاہم 31 مئی سے پہلے درخواستیں جمع کروانے والوں کا ویزہ پروسیس جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ 3 ماہ کا ویزا زیادہ تر وہ لوگ لیتے تھے جو دبئی میں یا تو کاروبار کرنا چاہتے ہیں یا پھر نوکری۔ صرف سیر سپاٹے کیلئے تو ایک ماہ کا ویزا کافی ہوتا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں