گوگل کے سابق ملازم کی کمپنی کا پہلا فون فروخت کیلئے پیش

01:55 PM, 3 Jun, 2017

نیو یارک: تین سال قبل گوگل جیسی کمپنی کو خیر آباد کہہ کر اپنی ذاتی کمپنی بنانے والے اینڈی رابن نے جدید اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کر دیا۔ اینڈی رابن نے نومبر 2014 میں گوگل کو خیر آباد کہہ کر اپنی ذاتی کمپنی ازینشل پروڈکٹس انشورنس بنائی تھی۔ کمپنی نے کئی منفرد اور جدید ٹیکنالوجی آلات پیش کرنے کا اعلان کیا تھا۔ خیال رہے کہ اینڈی رابن اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے شریک بانی یا شریک خالق بھی رہے ہیں۔ یہ سسٹم سب سے پہلے گوگل نے ہی متعارف کرایا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلسل تین سال کی محنت سے کمپنی بنانے کے بعد آخر کار اینڈی رابن کی کمپنی نے اپنا پہلا موبائل پی ایچ ون فروخت کے لیے پیش کر دیا جسے ڈیزائن کی وجہ سے پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ اس موبائل کی خاص بات یہ ہے کہ اس کو تمام بڑی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس میں نہ صرف ان تمام بڑی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز کی خوبیاں موجود ہیں بلکہ انہیں مزید بہتر کر کے بھی پیش کیا گیا ہے۔

پی ایچ ون کی اسکرین 5.7 انچ ہے جب کہ اس میں 128 جی بی انٹرنل اسٹوریج اور 4 جی بی ریم کی سہولت بھی ہے۔ موبائل کی بیک سائیڈ پر شفاف شیشے جیسا مگر مضبوط کور ہے جو اسے دیدہ زیب بناتا ہے۔ موبائل کے فرنٹ پر کوئی بھی اضافی چیز نہیں ہے جب کہ اسکرین کے مرکز میں اوپر کی سائیڈ پر 8 میگا پکسل کیمرہ ہے جو 4 کے ویڈیو ریکارڈنگ بھی کر سکتا ہے۔ ڈوئل کیمرے کا حامل اس موبائل کا کیمرہ 360 ڈگری ہے جو ایک سیکنڈ میں 30 تصاویر فریم بنانے کا حامل ہے۔

اس سے بڑھ کر یہ کہ ان کیمروں میں ایک خصوصی فیچر دیا گیا ہے جس کی مدد سے تصاویر کو بلیک اینڈ وائیٹ بھی کیا جا سکتا ہے۔ پی ایچ ون ایپل کے اسمارٹ موبائل کی طرح بلیو ٹوتھ کے ذریعے ہیڈ فون سمیت دیگر آلات سے منسلک ہوتا ہے۔

کمپنی نے پی ایچ ون کے ایک ہی ماڈل کو چار مختلف رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے جب کہ اس کی رقم 699 سے 749 ڈالر تک رکھی گئی ہے جو تقریبا 73 سے 79 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں