پاک بھارت ٹاکرا کل ہوگا،بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی

 پاک بھارت ٹاکرا کل ہوگا،بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی

برمنگھم:  چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ  کل کھیلی گی۔یہ میچ ایجبیسٹن کرکٹ گرائونڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دن اڑھائی بجے کھیلا جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد جبکہ بھارت کی جانب سے کپتان کے فرائض ویرات کوہلی سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد اور ویرات کوہلی پہلی دفعہ چیمپئنز ٹرافی میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

قومی ٹیم ایونٹ کا دوسرا میچ 7جون کو جنوبی افریقہ ،تیسرا میچ 12جون کو سری لنکا کے خلافکھیلے گی۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ انگلینڈ میں سج گیا ہے جس میں دنیائے کرکٹ کی 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی۔چیمپئنز ٹرافی کا آغاز یکم جون سے ہو ا جو18 جون تک انگلینڈ میں جاری رہے گی ۔ انگلینڈ تیسری دفعہ میگا ایونٹ کی میزبانی کرے گا ۔یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا پہلی بار انعقاد 1998ء میں بنگلہ دیش میں کیا گیا تھا۔فائنل میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلی بار چیمپئز ٹرافی کی فاتح ٹیم قرار پائی تھی ۔چیمپئنز ٹرافی کھیلنے والے آٹھ بڑے ممالک کی ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں آسٹریلیا ،انگلینڈ ،بنگلہ دیش ،نیوزی لینڈ جبکہ گروپ بی میں پاکستان ،سری لنکا ،بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم بھارت کے خلاف اپنا پہلا میچ 4 جون کو ہوگا جبکہدوسرا میچ 7جون کو جنوبی افریقہ ،تیسرا میچ 12جون کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ دونوں گروپوں سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی۔سیمی فائنلز چودہ اور پندرہ جون کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 18جون کو ہوگا ۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی ٹیم نے اب تک کل اٹھارہ میچ کھیلے ہیں جن میں سے یہ صرف سات میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی اور گیارہ مرتبہ اس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس طرح پاکستان کے میچ جیتنے کی شرح 39 فیصد سے ذرا کم رہی۔پاکستان ٹیم کبھی ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی نہیں حاصل کرسکی۔دوسری طرف پاکستان کے روایتی حریف بھارت کا ریکارڈ اس ٹورنامنٹ، جس میں دنیائے کرکٹ کی بہترین ٹیمیں حصہ لیتی ہیں، تمام ٹیموں سے بہتر ہے اور اس ٹورنامنٹ کی حد تک وہ آسٹریلیا کی ٹیم سے بھی کہیں آگے ہے۔

بھارت کی ٹیم دو مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیت چکی ہے۔

بھارت نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں کل 23 میچ کھیلے ہیں جن میں پندرہ میچوں میں وہ کامیاب اور چھ میں ناکام رہا جبکہ دو میچ بلا نتیجہ ختم ہو گئے۔ یوں بھارت کی جیت کی شرح 71 فیصد سے زیادہ ہے۔ ٹورنامنٹ کی دوسری سب سے کامیاب ٹیم آسٹریلیا ہے جس کی جیت کی شرح اس ٹورنامنٹ میں 63 فیصد ہے۔آسٹریلیا کی ٹیم دو دفعہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔اعداد و شمار کو اگر مزید کھنگالیں تو باقی تمام ٹیموں کے مقابلے میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے دنیا کے باقی سات بڑِے ملکوں کی جیت کی شرح اس ٹورنامنٹ میں پچاس سے زیادہ ہے جبکہ پاکستان کی کامیابی کی شرح 39 فیصد سے بھی کم ہے۔

اس مرتبہ بھی ٹورنامنٹ کھیلنے والی آٹھ ٹیموں کی درجہ بندی میں پاکستان آخری نمبر پر ہے اور آسٹریلیا اس فہرست میں اول نمبر پر ہے۔

مصنف کے بارے میں